جہلم میں لٹکتے اور بوسیدہ بجلی کے تار شہریوں کے لیے جان لیوا خطرہ بن گئے

جہلم شہر اور گرد و نواح کے گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے، بوسیدہ اور ننگے تار شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ متعدد مقامات پر یہ تار گھروں کی چھتوں، بالکونیوں اور دیواروں کے انتہائی قریب سے گزر رہے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے بازاروں، گنجان آباد گلیوں، محلوں، کاروباری مراکز اور دیگر رہائشی علاقوں میں آئیسکو کی عدم توجہی کے باعث بجلی کی تاریں انتہائی خستہ حال ہو چکی ہیں۔ کئی جگہوں پر تار بے ہنگم انداز میں الجھی ہوئی اور کھمبوں سے لٹکتی نظر آتی ہیں، جو نہ صرف شہریوں بلکہ بچوں اور بزرگوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے لٹکتے تاروں کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، مگر اس کے باوجود متعلقہ ادارہ کسی مؤثر اقدام کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بارشوں کے موسم اور تیز ہواؤں کے دوران ان تاروں سے کرنٹ لگنے، آگ لگنے اور جانی نقصان کے خدشات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ وہ متعدد بار آئیسکو حکام کو زبانی اور تحریری طور پر اس سنگین مسئلے سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم متعلقہ محکمے کے ذمہ دار افسران ٹس سے مس نہیں ہو رہے، جو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی کے مترادف ہے۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر اور گرد و نواح میں بجلی کے خطرناک اور بوسیدہ تاروں کو فوری طور پر درست کیا جائے، منظم انداز میں وائرنگ کا نظام بہتر بنایا جائے اور غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ کسی بڑے سانحے سے قبل قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button