ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں قائم پی کے ایل آئی سنٹر فعال


جہلم: راولپنڈی کے بعد ڈی ایچ کیو جہلم میں قائم پی کے ایل آئی سنٹر میں بھی کام کا آغاز کر دیا گیا۔ سنٹر میں یرقان اور ہیپاٹائٹس کی تشخیص ، علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال جہلم میں قائم پی کے ایل ائی سنٹر جو کہ راولپنڈی ڈویزن کا دوسرا بڑا سنٹر ہے کام شروع کر دیا ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر یرقان کے تمام ٹیسٹ ادویات اور علاج معالجہ کی مفت سہولت مہیا کردی گئی ہیں۔ سنٹر میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا علاج معالجہ ٹیسٹ اور تمام ادویات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔
پی کے ایل آئی سنٹر کے ایڈمن آفیسر طیب احسان جنجوعہ نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر پی کے ایل آئی سنٹر میں علاج معالجہ کےلیے ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف دفتری اوقات کار میں موجود ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی کے ایل آئی سنٹر میں وہ تمام لوگ علاج معالجہ کروا سکتے ہیں جن کے پاس پاکستان کی شہریت (شناختی کارڈ) موجود ہو، شہریوں کی طرف سے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



