سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم؛ والدین اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوائیں، اے سی پنڈدادنخان

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر آفس پنڈدادنخان میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔
اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کی جبکہ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد مدثر، محکمہ تعلیم کے فوکل پرسن مرزا دلاور حسین، مولانا مفتی بشیر کرم، اسسٹنٹ سی او ملک محمد اکبر، تحصیل کے محکموں کے سربراہان اور صحافیوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد مدثر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ مہم 15 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے، جس کے تحت 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جائے گی تاکہ انہیں سرویکل کینسر جیسے مہلک مرض سے پہلے ہی محفوظ کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین خواتین کی صحت اور مستقبل کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر اقدام ہے۔ ایچ پی وی ویکسین دنیا کے 144 ممالک بشمول سعودی عرب میں بچیوں کو محفوظ طریقے سے لگائی جا رہی ہے اور اس کے کسی قسم کے مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کہا کہ والدین اپنی بچیوں کو اس قومی مہم کے تحت بروقت ویکسین لگوا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام معاشرے میں خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔



