جہلم میں اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت شہریوں میں چیک تقسیم


جہلم میں “اپنی چھت، اپنا گھر” سکیم کے تحت کم آمدنی والے مستحق شہریوں کو ان کی دہلیز پر چیک تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی پروگرام “اپنی چھت، اپنا گھر” قرضہ سکیم کے تحت پہلی قسط حقدار افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے، جس کے بعد منتخب شہریوں کو ان کے گھروں پر چیک سرٹیفکیٹس دیے گئے۔

اس موقع پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی، ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کے ہمراہ گھر گھر جا کر چیک سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
بلال اظہر کیانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، اور اس سکیم کے تحت آسان شرائط پر بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ سرٹیفکیٹس مستحق افراد کو میرٹ پر دیے گئے ہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں پہلی قسط منتقل کی جا چکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے بتایا کہ اہل شہریوں کو 9 سال کی آسان اقساط پر بلاسود قرضہ دیا جا رہا ہے اور اس قرضے کے تمام سروس چارجز حکومت پنجاب خود برداشت کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو مزید مالی بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔
سرٹیفکیٹس ملنے پر شہری خوشی سے سرشار نظر آئے اور انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا کہ اس سکیم نے ان کا گھر بنانے کا خواب پورا کر دیا ہے۔



