جہلم میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، شہری پریشان

جہلم شہر میں پرچون سطح پر برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری رہا۔
برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں مزید 14 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 618 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ زندہ برائلر مرغی کی قیمت 10 روپے اضافے سے 388 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 330 روپے فی درجن تک پہنچ گئی۔
ایک ہفتے کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں مجموعی طور پر 94 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شادیوں کے سیزن کی وجہ سے برائلر گوشت کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جو قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ پولٹری فارمرز شادیوں کے سیزن کے پیش نظر پیداوار میں اضافہ کرتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ بلا جواز طور پر قیمتوں میں اضافہ کرکے زیادہ منافع کما رہے ہیں۔
شہریوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



