ضلع جہلم کے شادی ہالز میں ون ڈش کی خلاف ورزی جاری

جہلم شہر سمیت ضلع بھرمیں موجود شادی ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز میں کھلم کھلا ون ڈش پر عائد پابندی کے قانون کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، انتظامیہ نے تمام تر صورتحال کا علم ہونے کے باوجود چپ سادھ رکھی ہے۔ شہریوں نے وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے شادی میں ون ڈش پر عائدپابندی کے قانون پر جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں کہیں بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ انتظامیہ نے خاموشی کی وجہ سے بااثر مالکان نے دیدہ دلیری کے ساتھ کھلواڑ شروع کررکھا ہے۔
جہلم شہر اور ضلع بھر میں موجود شادی ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز میں ون ڈش پر عائد پابندی کے با وجود انواع و اقسام کے کھانے پکانے اور کھلانےکا سلسلہ جاری ہے۔ شادی ہالز کے مالکان نے انتظامیہ کی چپ کافائدہ اٹھاتے ہوئے ون ڈش پرعائد پابندی کے قانون کو مذاق میں تبدیل کررکھا ہے، مقامی انتظامیہ نے حقائق کا علم ہونے کے باوجود آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
شہر کے عوامی و سماجی حلقوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سے ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل عملدرآمد کروانے اور خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیزکے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور مقدمات درج کرنے کامطالبہ کیا ہے۔



