جہلم میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ، چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

جہلم میں باغ محلہ کے قریب دریا کنارے چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم سی سی ڈی ٹیم سے مبینہ مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں باغ محلہ کے قریب دریا کنارے سی سی ڈی ٹیم سے مبینہ مقابلے کے دوران چوری اور خواتین سے پرس چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کو مخبر کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ دو مشکوک افراد باغ محلہ جہلم کے قریب دریا کنارے موجود ہیں۔ اطلاع ملنے پر ٹیم نے موقع پر کارروائی کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

دوران تعاقب سی سی ڈی ٹیم نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس کی شناخت رمیش مسیح ولد بوٹا مسیح سکنہ اسلام پورہ جہلم کے نام سے ہوئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم چوری اور خواتین سے پرس چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چوری شدہ موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی ٹیم کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button