عمران خان سے اظہار یکجہتی اور حالیہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کا جہلم میں احتجاج

جہلم: عمران خان سے اظہار یکجہتی اور حالیہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے احتجاجی نکالی، ریلی میں تمام ایم پی ایز سمیت موجودہ اور سابقہ عہداران اور ورکرز نے شرکت کی۔
ریلی دو واضع گروپس میں تقسیم نظر آئی جس کی وجہ سے ریلی مقررہ مقام پر پہنچنے سے پہلے ہی منتشر ہوگئی، جس طرح پی ٹی آئی کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کی عوامی مقبولیت بہت زیادہ ہے آج اس طرح شرکاء کی تعداد نہیں تھی۔
ریلی کے ایک حصہ کی قیادت ایم پی اے یاسر قریشی، سابق ایم پی اے چوہدری ظفر، موجودہ ضلعی صدر میجر ریٹائرڈ آصف، ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ شاہنواز، سابق امیدوار حلقہ این اے 61 مرزا شوکت ودیگر کر رہے تھے جبکہ ریلی کے دوسرے حصے کی قیادت ابرار حسین شاہ، شجاع قریشی، سابق امیدوار حلقہ این اے 60 چوہدری حسن عدیل، کالاگجراں کی مشہور سیاسی شخصیت ملک عدنان، چیئرمین ورکر گروپ ذیشان جرال ودیگر کر رہیے تھے۔
ریلی میں جہاں عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی تھی وہی یہ نعرہ بھی عام تھا ہماری تعداد زیادہ ہے۔ ریلی سول لائن سے ہوتی ہوئی شاندار چوک پہنچی اور جادہ الیکشن آفس کی طرف جاتے ہوئے راستے میں ہی ریلی منتشر ہو گئی۔
ایم پی اے رفعت زیدی ریلی میں شریک ہونے سے پہلے راستے سے واپس سوہاوہ چلے گئے تھے جبکہ بریگیڈیئر (ر) مشتاق للِہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ جادہ چونگی ریلی کا انتظار کرتے رہے ہیں۔
شرکاء ریلی نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور نعرے بازی کی۔



