جہلم میں شادی سیزن شروع، چکن کی قیمتوں میں اضافہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب

جہلم: رمضان المبارک کے اختتام کے ساتھ ہی شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی اشیائے خوردونوش خصوصاً مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دکانداروں نے چکن فی روپیہ فی گرام کے حساب سے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ چکن کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ کر کے دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جبکہ ضلع جہلم میں موجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اگرچہ سرکاری سطح پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے درجنوں مجسٹریٹس موجود ہیں، جو نیلی بتیوں والی گاڑیوں میں گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں، مگر عملی طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی "قیمت ایپ” بھی مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں چکن کے نرخ اس ایپ سے ہٹا دیے گئے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گراں فروشوں نے کھلے عام لوٹ مار شروع کر دی ہے۔

شہری تنظیموں اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہلم میں ایماندار اور فرض شناس افسران تعینات کیے جائیں تاکہ عام آدمی خصوصاً غریب اور سفید پوش طبقہ دو وقت کی روٹی میسر کر سکے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا عام شہری کے لیے ناممکن ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button