ضلع جہلم میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، عوام شدید مشکلات کا شکار

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔
سبزیاں اور پھل سرکاری نرخنامے سے 50 فیصد زائد قیمتوں پر فروخت ہونے لگے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ سبزی و پھل فروشوں نے خود ساختہ مہنگائی کر رکھی ہے، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مہنگائی کے معاملے پر مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے اور بازاروں میں سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی معمول بن گئی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور ضلعی انتظامیہ کو سخت کارروائی کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اشیائے ضروریہ سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کی جا سکیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف جرمانوں اور قید کی سزاؤں کے ساتھ فوری اور سخت ایکشن لیا جائے، تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم ہو سکے۔



