سوہاوہ: حرا سکول کوٹ دھمیک کے زیر اہتمام ایک روزہ شاندار سپورٹس گالا کا انعقاد

سوہاوہ: حرا اسکول کوٹ دھمیک کے زیرِ اہتمام سر جلال کے مقام پر ایک روزہ شاندار اسپورٹس گالا منعقد ہوا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس اسپورٹس گالا کا مقصد طلبہ میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینا، صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرنا اور بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔ اسپورٹس گالا میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں رسہ کشی، کرکٹ، فٹبال اور دوڑ کے مقابلے شامل تھے۔

اس کے علاوہ نرسری اور پرائمری کے ننھے منے بچوں کے لیے بھی خصوصی اور دلچسپ گیمز کا اہتمام کیا گیا، جن سے بچوں نے نہایت جوش و خروش اور خوشی کے ساتھ حصہ لیا۔ بچوں کی پرجوش شرکت نے تقریب کو مزید رنگین اور یادگار بنا دیا۔

اسپورٹس گالا پرنسپل حرا اسکول کوٹ دھمیک سر نعیم قمر کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں بلکہ یہ بچوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور خود اعتمادی جیسے اوصاف بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا انعقاد طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسد بخاری، پرنسپل حرا اسکول سوہاوہ تھے، جنہوں نے اسپورٹس گالا میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کامیاب اور منظم انعقاد پر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اسد بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کو مثبت سوچ، صحت مند مقابلے اور عملی زندگی کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

آخر میں مختلف کھیلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ والدین اور شرکاء نے حرا اسکول کوٹ دھمیک کی جانب سے اسپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button