موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث کاکا پٹھان گینگ کے 2 ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث کاکا پٹھان گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر کر کے چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کاکا پٹھان موٹر سائیکل چور گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے، جن سے تفتیش کے دوران چار عدد چوری شدہ موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ مزید انکشافات کے لیے ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



