ماسٹر حاجی مختار احمد کی ریٹائرمنٹ پر گورنمنٹ ہائی سکول بڑاگواہ میں پروقار الوداعی تقریب


سوہاوہ: گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بڑاگواہ میں ماسٹر حاجی مختار احمد (ای ایس ٹی) کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن جہلم چوہدری محمد رشید، سابق سینئر ہیڈماسٹر راجہ انور کیانی اور ماسٹر راجہ ظفر تھے۔ مہمانوں کے سکول پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، پھول نچھاور کیے گئے اور تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک و نعت شریف سے ہوا۔
تقریب میں اساتذہ نے حاجی مختار احمد کو تحائف پیش کیے اور ان کی 30 سال سے زائد تدریسی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ماسٹر آصف محمود، چوہدری شاہد محمود، ہیڈ ماسٹر جمیل آصف، سعید ریاض اور دیگر اساتذہ نے تقریب سے خطاب کیا اور حاجی مختار احمد کی تعلیمی میدان میں خدمات کا اعتراف کیا۔
تقریب کے دوران حاجی مختار احمد جذباتی ہو گئے اور اپنے الوداعی خطاب میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ گزارے لمحات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر انہیں عزت و احترام کے ساتھ الوداع کیا گیا اور اساتذہ انہیں گھر تک چھوڑنے گئے۔
ہیڈ ماسٹر جمیل آصف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاجی مختار احمد کے مشن کو جاری رکھیں گے اور تعلیمی میدان میں مزید بہتری کے لیے کام کریں گے۔



