ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

11
جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے مطابق شہریوں میں فری ہیلمٹس اور ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع بھر میں شہریوں کی سلامتی کے لیے عملی اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔ ٹریفک قوانین سے متعلق شعور و آگاہی بڑھانے کے لیے شہریوں میں فری ہیلمٹ اور مختلف مقامات پر آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ہیلمٹ ایک بنیادی حفاظتی ضرورت ہے، جو حادثات کی صورت میں قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور پولیس کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ عوام کی جان محفوظ بنانا ہے۔
تقسیم کیے گئے پمفلٹس میں نئے ترمیمی ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں مقدمہ درج کیے جانے سے متعلق تفصیلات شامل ہیں تاکہ شہری خود بھی قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ یہ آگاہی مہم آنے والے دنوں میں مزید کالجز، چوکوں اور دیگر مصروف مقامات تک توسیع دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس مہم سے فائدہ اٹھا سکیں۔



