پی ٹی آئی کوئی تحریک نہیں چلا سکے گی، رانا مشہود احمد خان

دینہ: رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی تحریک چلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے گی کیونکہ عوام ان کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہو چکی ہے۔
چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے دینہ میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض کے آفس مہر ہاؤس کے دور ے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے اور حکومت عوامی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہوئی ہے اور شہری سہولیات میں بہتری آ رہی ہے۔
رانا مشہود نے یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام ہر سال کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں اور اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا چاہیے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے کوآرڈینیٹر راجہ علی، راجہ لیاقت علی، الیاس ڈار، حافظ وسیم انور، میاں عتیق، راجہ ساجد نواز اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔



