جہلم: سماجی رویوں میں تبدیلی، مواصلاتی حکمت عملی اور سماجی تنظیموں کا کردار کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

جہلم: محکمہ بہبود آبادی جہلم کی جانب سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ”سماجی رویوں میں تبدیلی، مواصلاتی حکمت عملی اور سماجی تنظیموں کا کردار ” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر تھی۔ سیمینار میں بطور مہمانِ اعزاز سابق ممبر قومی اسمبلی راجہ محمد اسد خان، سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم، سابق ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ اقبال مہدی (مرحوم) کے بیٹے راجہ طالب مہدی، موجودہ ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کا بیٹا چوہدری عمار فرخ، اے سی ایچ آر حافظ زنیر، ایس پی سپیشل برانچ سید محمود اور ڈاکٹر شہزانہ نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حسن خالد وڑائچ، ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر آفیسر مریم ستی، مختلف فلاحی تنظیموں کے نمائندے، محکمہ صحت، محکمہ اوقاف، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ضلع جہلم کے نامور سماجی کردار کے حامل افراد کی جہلم کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی یادگاری تعریفی اسناد ادا کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن برقرار رکھ کر ہی دیرپا ترقی ممکن ہے۔ سماجی رویوں میں تبدیلی لا کر آبادی میں اضافے کو قابو پایا جا سکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر حسن خالد وڑائچ اور دیگر مقررین نے آبادی کے بے تحاشہ اضافے کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماجی رویوں میں تبدیلی اور مؤثر مواصلاتی حکمت عملی کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ 100 سے زائد فلاحی تنظیموں کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ مشہور سیاسی و سماجی شخصیات کو ان کے خدمات کے اعتراف میں تعریفی فریم دیے گئے، جن میں سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف حسین (مرحوم)، سابق ممبر قومی و صوبائی اسمبلی چوہدری خادم حسین، سابق سینیٹر و ممبر قومی اسمبلی راجہ محمد افضل (مرحوم) اور سابق ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ راجہ اقبال مہدی (مرحوم) شامل ہیں۔



