الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام بالا کوٹ میں فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریض مستفید

بالاکوٹ: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یونین کونسل ست بنی کے گاؤں شراش کھیت نزد مزار شاہ اسماعیل شہید تحصیل بالاکوٹ ضلع مانسہرہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مریضوں نے مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
کیمپ میں ماہر اور مستند ڈاکٹرز نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنی صحت سے متعلق مسائل کا معائنہ کروایا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں خدمات سرانجام دے رہی ہے، جبکہ اس فاؤنڈیشن کی بنیاد امیر محمد اکرم اعوانؒ نے رکھی تھی۔
کیمپ کے موقع پر معززینِ علاقہ کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مریضوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے الفلاح فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور منتظمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ الفلاح فاؤنڈیشن بلا تفریق ملک بھر میں خدمتِ انسانیت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے، اور مستقبل میں بھی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جاتا رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



