جہلم میں عیدالفطر جوش و خروش سے منائی گئی، تفریحی مقامات پر شہریوں کا رش عروج پر رہا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں عیدالفطر نہایت جوش و خروش سے منائی گئی، جہاں شہری عید کے تینوں روز سیر و تفریح، دعوتوں اور میل ملاقاتوں میں مصروف دکھائی دیے جبکہ تفریحی مقامات پر غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔
تاریخی مقام قلعہ روہتاس، منگلا ڈیم، دریائے جہلم، ٹلہ جوگیاں، نمک کان کھیوڑہ، قلعہ نندنا اور مقبرہ شہاب الدین غوری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر شہریوں کا رش عروج پر رہا، جہاں فیملیز اور نوجوانوں نے عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔
عید کی تعطیلات کے آخری روز بھی بچوں کی خوشیاں دیدنی رہیں، جنہوں نے عیدی سمیٹنے اور موج مستی کے مختلف منصوبے بنا رکھے تھے۔ کوئی سیاحتی مقامات کا رخ کرتا دکھائی دیا تو کوئی پارکس میں جھولوں سے لطف اندوز ہوتا رہا، جبکہ متعدد خاندان دریائے جہلم کے کنارے خوشگوار لمحات گزارتے نظر آئے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا ایک خوشگوار روایت ہے، جس سے نہ صرف خوشیاں دوبالا ہوتی ہیں بلکہ آپسی روابط بھی مضبوط ہوتے ہیں۔



