جہلم کی خوبصورتی کی بحالی؛ ضلع بھر میں غیر قانونی سٹیمرز ہٹانے کی مہم شروع

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہر کے حسن کو متاثر کرنے والے غیر قانونی سٹیمرز اور اشتہاری بورڈز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
میونسپل کمیٹی اور متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں اور چوکوں سے بغیر اجازت لگائے گئے سٹیمرز ہٹانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ سڑکوں اور بجلی کے کھمبوں پر لگائے گئے غیر قانونی اشتہارات نہ صرف بصری آلودگی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی توجہ بھی متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انتظامیہ نے کمرشل اداروں کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ غیر قانونی اشتہاری مواد نصب کرنے سے گریز کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ہٹائے گئے سٹیمرز کو دوبارہ نصب ہونے سے روکنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ “صاف ستھرا جہلم” ویژن کے تحت شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے متحرک ہے، جبکہ شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔



