جہلم میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد ایجنسیاں سیل

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس کی جانب سے غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
شہری علاقوں میں پٹرول، ڈیزل اور سوئی گیس کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایجنسیاں سیل کر دی گئیں جبکہ مقدمات بھی درج کروا دیے گئے ہیں۔
سول ڈیفنس آفیسر محمد فرحان کی نگرانی میں سول ڈیفنس اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر چلنے والی آئل ایجنسیوں کو سیل کر دیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے تحصیل دینہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور متعدد غیر قانونی آئل ایجنسیاں بند کروا دیں۔
سول ڈیفنس آفیسر محمد فرحان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد جو شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی طور پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کر رہے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی سخت ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی غیر قانونی آئل یا گیس ایجنسی کی موجودگی دیکھیں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔



