کھیوڑہ میں اوور لوڈنگ مافیا بے لگام، ٹریفک پولیس بے بس

پنڈدادنخان: ضلع جہلم کے دوسرے بڑے شہر کھیوڑہ میں اوور لوڈنگ مافیا نے نظام درہم برہم کر دیا، جبکہ ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ڈرائیور حضرات اوورلوڈ گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی رکھنا معمول بنا چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب بھی بے سود ثابت ہو رہی ہے۔ شہر کے مرکزی شمامہ چوک میں لگے کیمرے قانون کی پاسداری کروانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈرائیور حضرات بڑے ٹرک، ٹریکٹر ٹرالیاں اور بسیں کیمروں کے سامنے ہی کھڑی کر کے گھروں کو چلے جاتے ہیں، جس سے سڑکیں پارکنگ ایریا کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار سارا دن پرائیویٹ موٹرسائیکلوں پر گشت تو کرتے ہیں، لیکن ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار مبینہ طور پر مک مکا کر کے کارروائی سے گریزاں ہیں جبکہ غیر قانونی پارکنگ اور اوور لوڈنگ کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

کھیوڑہ کے شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈنگ اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات سے بچاؤ ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button