جہلم میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے ضلعی افسران کی ڈیوٹی شیڈول جاری

جہلم: ضلع جہلم میں طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تمام ہسپتالوں کی باقاعدہ نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف طبی سہولیات کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہریوں کی شکایات کو فوری طور پر حل کرنا بھی شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے متعلقہ علاقوں کے ہسپتالوں کی انسپیکشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ریونیو ہفتے میں دو دن مختلف ہسپتالوں کا دورہ کریں گے، جہاں وہ مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں گے اور ان کی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کریں گے۔

اس کے علاوہ تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کو جانچیں گے۔ اس دوران وہ شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل بھی سنیں گے اور فوری حل کے لیے اقدامات کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس حوالے سے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور ضلعی انتظامیہ کی یہ نگرانی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامی افسران کو باقاعدہ ڈیوٹیز سونپ دی گئی ہیں، جس سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے گی اور ان کی شکایات کا موقع پر ازالہ ممکن ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف صحت کے شعبے میں بہتری لائے گا بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے معیار کو بھی یقینی بنائے گا۔ اگر کسی بھی ہسپتال میں سہولیات میں کمی یا کسی قسم کی غفلت دیکھنے میں آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button