جہلم میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، 2 پولیس انسپکٹر زخمی، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

جہلم میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان مقابلے میں دو پولیس انسپکٹر زخمی ہو گئے ۔ ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دو ڈاکو فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں جادہ کے مقام پر پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان ہونے والے خونی مقابلے میں پولیس کے دو انسپکٹر زخمی ہوگئے جبکہ ایک زخمی حالت میں ڈاکو گرفتار کر لیا گیا۔ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی کے انسپکٹر ملک نثار اور انسپکٹر یاسر ربانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک خفیہ اطلاع پر ماڈرن بازار کے قریب چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ملزمان نے مزاحمت کی اور پولیس ٹیم پر پہلے چھریوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دونوں انسپکٹرز زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں ملزمان کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

حکام نے بتایا کہ زخمی انسپکٹر ملک نثار کی حالت تشویشناک ہے جسے فوری طور پر راولپنڈی کے بڑے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ انسپکٹر یاسر ربانی کو مقامی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے زخمی حالت میں ایک ڈاکو حمید اللہ عرف متاع گل کو گرفتار کر لیا ہے جو کہ پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ اسے سول اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button