ریسکیو 1122 جہلم نے اگست میں 3114 افراد کو ریسکیو کیا، 346 ٹریفک حادثات اور 76 اموات رپورٹ

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ اگست 2025 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3114 افراد کو ریسکیو کیا۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر اگست کے دوران 10760 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2610 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 346 روڈ ٹریفک حادثات، 1806 میڈیکل ایمرجنسیز، 9 آگ لگنے کے واقعات، 40 کرائم انسیڈنٹس، 3 ڈوبنے کے واقعات، ایک عمارت گرنے کا واقعہ اور 405 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے 1500 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا، تاہم ماہ اگست میں مختلف ایمرجنسیز کے دوران 76 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں زیادہ تر میڈیکل ایمرجنسیز تھیں۔ ریسکیو نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اوسطاً 8 اعشاریہ 7 منٹ کے رسپانس ٹائم میں ایمرجنسی سروس فراہم کی۔

مزید برآں نالہ گہان میں آنے والے فلیش فلڈ کے دوران ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 137 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی ٹریننگز کا انعقاد کیا گیا، جب کہ یونین کونسل سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کی تشکیل اور سکاوٹس کے لئے CADRE ٹریننگ بھی جاری ہے۔

پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ریسکیو 1122 نے جہلم سے 87 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے اسپتالوں میں منتقل کیا تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت عوام کی خدمت کے لئے تیار ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button