جہلم میں معمولی رنجش پر گولیاں چل گئیں، موٹر سائیکل مکینک اور شاگرد زخمی

جہلم میں معمولی رنجش پر گولیاں چل گئیں، فائرنگ سے موٹرسائیکل مکینک اور اس کا شاگرد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم میں تھانہ صدر کے علاقے کولپور میں پیش آیا، جہاں نصیر نامی شخص نے فائرنگ کر کے 37 سالہ موٹر سائیکل مکینک اور اس کے 14 سالہ شاگرد کو زخمی کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک معمولی تنازع کے بعد پیش آیا۔ موٹر سائیکل مکینک کا نصیر نامی شخص سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد نصیر نامی شخص کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 37 سالہ تاشفین اور اس کا 14 سالہ شاگرد شعیب زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



