جہلم میں 20 سالہ نوجوان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا

جہلم میں 20 سالہ نوجوان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، لاش بیلے سے برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل لاپتہ ہونے والے جہلم کے نواحی علاقہ کوٹلی اللہ یار کے رہائشی 20 سالہ نوجوان اویس امجد کی لاش آج کلاڑ بیلے سے برآمد ہوئی ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول اویس کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتول کی لاش کے قریب سے اس کی موٹرسائیکل بھی ملی ہے تاہم اس کا موبائل غائب ہے جس سے معاملے میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔
تھانہ صدر پولیس نے مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے سول اسپتال جہلم منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کھرالہ میں اپنی موبائل شاپ سےفون سنتے سنتے باہر نکلا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا تھا۔
تھانہ صدر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بہت جلد اس قتل کی حقیقت سے پردہ اٹھ جائے گا۔



