محکمہ فشریز پنجاب کی جانب سے دریائے جہلم میں بچہ مچھلی کی سٹاکنگ کا عمل مکمل

جہلم: محکمہ فشریز پنجاب کی جانب سے دریائے جہلم میں بچہ مچھلی کی سٹاکنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا، جس کا مقصد قدرتی آبی حیات کا تحفظ اور ماہی پروری کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر ایک سادہ مگر بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز راولپنڈی ڈویژن وقاص حمید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ہیچری راولپنڈی مس سدرہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز جہلم سید طیب حسین نے شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ فشریز پنجاب قدرتی پانیوں میں مچھلیوں کی افزائش اور آبی حیات کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ دریاؤں اور جھیلوں میں ماہی پروری کو فروغ حاصل ہو اور مقامی ماہی گیروں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز جہلم سید طیب حسین نے بتایا کہ رواں سال دریائے جہلم میں سات لاکھ سے زائد بچہ مچھلی چھوڑی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سٹاکنگ ماہی پروری کے فروغ اور قدرتی مچھلیوں کی اقسام کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر اور دور رس قدم ہے، جس سے نہ صرف آبی ماحولیاتی نظام مستحکم ہوگا بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

مقامی ماہی گیروں اور شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے محکمہ فشریز پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button