ڈپٹی کمشنر جہلم کا کالا گجراں کا دورہ، زیر تعمیر پارک کے کام اور مرکزی بازات میں تجاوزات کا جائزہ لیا


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کالا گجراں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تعمیر پارک کے کام کا جائزہ لیا اور مرکزی بازار میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران میونسپل کمیٹی کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو پارک کی تعمیراتی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پارک کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اہلِ علاقہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ یہ پارک عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہوگا، اس لیے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کالا گجراں کے مرکزی بازار کا دورہ کیا اور تجاوزات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فوری طور پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے سے تمام غیر قانونی تجاوزات کو خود ہی ہٹا لیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے تجاوزات ختم نہ کیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور ہونے والے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ تاجر برادری اور دکانداروں کو چاہیے کہ وہ تعاون کریں اور ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیتے ہوئے رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔



