جہلم میں مضر صحت گوشت اور ناقص کوکنگ آئل سے تیار کھانوں کی فروخت، شہریوں کی صحت خطرے میں

جہلم شہر اور گردونواح میں مضر صحت گوشت اور غیر معیاری گھی و کوکنگ آئل سے تیار کھانوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے، جس سے شہریوں کی صحت داؤ پر لگ گئی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی مبینہ غفلت کے باعث ہوٹلوں اور ڈھابوں پر کھلے عام غیر معیاری کھانے فروخت ہو رہے ہیں۔
جہلم جی ٹی روڈ، شاندار چوک، سول لائن روڈ، محمدی چوک، قبرستان چوک، اولڈ جی ٹی روڈ، جادہ چوک، بلال ٹاؤن، کالا گجراں، چونترہ، کھرالہ اور روہتاس روڈ سمیت مختلف مقامات پر قائم ہوٹلوں اور ڈھابوں میں گلا سڑا اور بدبو دار گوشت استعمال کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ناقص اور بار بار استعمال شدہ کوکنگ آئل میں تیار کی جانے والی کڑاہیاں، قورمے اور دیگر چٹ پٹے کھانے روزانہ سینکڑوں شہری کھا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد لوگ معدے کے امراض، الٹی، دست اور بخار جیسی شکایات میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ گوشت نہ صرف ذائقے میں ناقص ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ ہوٹلز مالکان کم قیمت پر حاصل شدہ مردہ یا غیر معیاری گوشت استعمال کر کے بھاری منافع کما رہے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے اس پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کر کے ہوٹلوں اور ڈھابوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے تیار اور فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے۔



