جہلم میں اے این ایف کے جوانوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد گوادر سے گرفتار

سوہاوہ/ جہلم: ڈومیلی موڑ کے قریب فائرنگ کر کے اے این ایف کے تین جوانوں کو شہید کرنے والے تین منشیات اسمگلر دہشت گردوں کو گوادر سے گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق 12 جون کو جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی موڑ کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے تین اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کرنے والے تین دہشت گردوں کو ایران فرار ہونے سے قبل گوادر سے گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں بلال حیدر، غفران عباس اور سید عابد علی شامل ہے اور تینوں کا تعلق گجرات سے ہے۔ چوتھا ملزم جوہر عباس روپوش ہے جس کی گرفتاری کےلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان کراچی سے گوادر پورٹ کے ذریعےایران فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ خفیہ اداروں کی فوری کارروائی سے تینوں منشیات اسمگلروں کی گرفتاری ممکن ہوئی۔ ملزمان کو اے این ایف گوادر کے حوالے کردیا گیا۔

اس حوالے سے جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کی گرفتاری کے بارے میں علم نہیں۔

واضح رہے کہ 10 روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ترقی ٹول پلازہ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات اسمگلروں نے گاڑی بھگا دی۔

ڈومیلی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کالا پل کے مقام پر ملزمان نے گاڑی روک کر تعاقب میں آنے والی اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد، کانسٹیبل مظہر حسین اور پرائیویٹ اہلکار (رضاکار) ارسلان ذیشان شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button