مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کررکھ دی ہے، شہری و سماجی حلقے

جہلم: مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کررکھ دی ہے، روزہ مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء گھی ، چینی ، گندم،چاول، دالوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنےلگی ہے، مزدور اور دہاڑی دار طبہ دو وقت کی روٹی کو ترس رہاہے۔
ان خیالات کا اظہار جہلم شہر کی سماجی، رفاعی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ غریب عوام کاخیال رکھتے ہوئے اشیاء خردونوش کی قیمتوں کو کم کریں تا کہ غریب عوام سکھ کا سانس لے سکیں مہنگائی کا ازدھا غریب عوام کوزندہ درگور کررہا ہے لوگ مہنگائی کے ہاتھوں پسنے لگے،عوام کا اللہ حافظ۔
انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کے نرخ دکاندار از خود بڑھا دیتے ہیں جس کی وجہ سے مصنوعی مہنگائی نے بھی عوام کو نگلنا شروع کر رکھا ہے، پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہو چکا ہے اوپر سے گیس کی بندش اور بے تحاشہ بلوں نے جلتی پر تیل کا کام شروع کررکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، جس کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہو چکا ہے لوگ مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہیں۔ کوئی پرسان حال نہیں جس کی بدولت لوگ جو کہ پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہیں اوپر سے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے۔
شہری تنظیموں نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



