دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں کے نتیجہ میں صوبے بھر سے9کنال7 مرلے سرکاری زمین واگزار کرالی گئی

جہلم: دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں کے نتیجہ میں صوبے بھر سے9کنال7 مرلے سرکاری زمین واگزار کرالی گئی ہے جس کی مجموعی مالیت 12کروڑ روپے سے زائد ہے۔دفتر محتسب پنجاب نے سرکاری رقبے پر قبضہ اور گزرگاہوں کی بحالی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے پر یہ کارروائی کی۔ محتسب پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ صوبائی محکمہ جات نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اس زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا۔
تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب کے دفتر میں شکایت کنندگان نے سرکاری زمین/ گزر گاہوں پر ناجائز قبضہ سے متعلق شکایات درج کرائی تھیں۔ان درخواستوں کے جواب میں دفترمحتسب پنجاب نے صوبائی محکمہ جات کو فوری کارروائی کا حکم دیاجس کے نتیجہ میں 12کروڑ روپے سے زائد کی 9 کنال 7 مرلے قیمتی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرالی گئی۔
علاوہ ازیں دفتر محتسب پنجاب کی موثر کارروائی کے نتیجہ میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے2 درخواست گزاروں کو ماہانہ مالی امداد کی مد میں 38لاکھ روپے،7 درخواست گزاروں کو ان کے زیر التواء واجبات،ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کی مد میں 17 لاکھ15 ہزار روپے،2 درخواست گزاران کوگروپ انشورنس کلیم کی مد میں 2 لاکھ 69 ہزار روپے جبکہ54 درخواست گزاران کو زیر التواء تعلیمی وظائف کی مد میں 16 لاکھ 42 ہزار روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
متاثرہ شکایت کنندگان نے دفترمحتسب پنجاب میں واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایات کی تھیں۔



