بینکوں کی غیر ضروری تعطیلات معیشت کے لیے نقصان دہ ہیں، ڈاکٹر عبدالشکور ملک

جہلم: سابق صدر پی ایم اے ضلع جہلم ڈاکٹر عبدالشکور ملک نے زکوٰۃ کے حساب کے نام پر بینکوں کی مسلسل تین تعطیلات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور میں جب کمپیوٹر اور تیز ترین انٹرنیٹ دستیاب ہے، زکوٰۃ کے حساب کا عمل محض چند گھنٹوں میں مکمل ہو سکتا ہے، مگر بینکوں نے ہفتہ، اتوار کے بعد سوموار کو بھی غیر ضروری تعطیل کر کے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کی 80 فیصد برانچیں ہفتہ کے روز پہلے ہی بند رہتی ہیں، ایسے میں تین دن مسلسل بینکنگ سروسز کی معطلی سے اکاؤنٹ ہولڈرز، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور کاروباری طبقے کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تنخواہوں کی ادائیگی تاخیر کا شکار ہوئی اور ملکی معیشت کو بھی ایک روز کا ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
ڈاکٹر عبدالشکور ملک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ زکوٰۃ حساب، یکم جنوری اور یکم جولائی جیسے مواقع پر بینکوں کی غیر ضروری تعطیلات کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قرض میں ڈوبی قوم کے اداروں کو چھٹیوں کا چسکا چھوڑ کر عوامی سہولت اور معیشت کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے بینکنگ سسٹم کو کئی دن تک بند رکھنا ناانصافی ہے اور حکومت کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔



