ضلعی دفتر تعلقات عامہ کے جونیئر کلرک مرحوم چوہدری محمد آصف کی رسم قل ادا کر دی گئی

جہلم: ضلعی دفتر تعلقات عامہ کے جونیئر کلرک مرحوم چوہدری محمد آصف کی دعائیہ تقریبِ ختم قل گزشتہ روز ان کی آبائی رہائش گاہ ٹانلیانوالہ میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔

دعائیہ تقریب میں شہریوں، سماجی، فلاحی، رفاہی، مذہبی، سرکاری و صحافتی تنظیموں کے نمائندگان، معززینِ علاقہ، عزیز و اقارب اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران علمائے کرام نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کروائی اور مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ فضا سوگوار مگر دعا اور عقیدت سے معمور رہی۔

اس موقع پر شرکاء نے مرحوم چوہدری محمد آصف کی شخصیت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت خوش اخلاق، ملنسار، فرض شناس اور دیانتدار سرکاری ملازم تھے۔ مرحوم نے اپنی عملی زندگی میں ہمیشہ ایمانداری، خوش اخلاقی اور خدمتِ خلق کو شعار بنایا اور دفتر تعلقاتِ عامہ میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیتے رہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد آصف نہ صرف اپنے ساتھیوں بلکہ عام سائلین میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کا نرم لہجہ، عاجزی اور دوسروں کے کام آنا ان کی پہچان تھا۔ ان کی ناگہانی وفات سے محکمہ تعلقاتِ عامہ سمیت پورے علاقے میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پورا نہیں ہو سکے گا۔

آخر میں اہلِ علاقہ اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button