دینہ اور سوہاوہ میں ایف بی آر اور محکمہ ایکسائز کی مشترکہ کارروائیاں، نان کسٹم پیڈ سگریٹ برآمد

2
دینہ: ایف بی آر اور محکمہ ایکسائز نے دینہ اور سوہاوہ میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے سمگل شدہ اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ ضبط کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی محمد عمران اسلم کی ہدایت پر ای ٹی او جہلم منور حسین نے ایف بی آر کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے لیے انسپکٹر اسد ہارون اور ٹیم کو جہلم کی تحصیل دینہ اور تحصیل سوہاوہ میں سمگل شدہ اور نان کسٹم پیڈ سگریٹس ضبط کرنے کی ہدایت کی۔
کارروائیوں کے دوران انسپکٹر اسد ہارون اور ایف بی آر ٹیم نے مختلف پیٹرول پمپس کی ٹاک شاپس اور ہول سیل ڈیلرز سے لاکھوں روپے مالیت کے سینکڑوں پیکٹس ضبط کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ ان نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے خلاف حکومت پنجاب کی جانب سے سخت کارروائی جاری ہے کیونکہ سمگل شدہ سگریٹس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
انسپکٹر اسد ہارون نے کہا کہ یہ کارروائیاں مزید جاری رہیں گی اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



