جہلم میں چینی مہنگی، دکانداروں کی من مانیاں عروج پر، شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں چینی کے نرخ مقرر نہ ہونے کی وجہ سے دکانداروں نے خود ساختہ قیمتیں مقرر کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے چینی کا سرکاری نرخ 164 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے لیکن جہلم شہر اور گردونواح میں دکاندار چینی 200 سے 205 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول کا کوئی موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار من مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی پہلے ہی عروج پر ہے اور اب چینی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ ان کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے اور سرکاری نرخ سے زائد چینی فروخت کرنے والوں پر فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



