پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت چوکس اور سرگرم عمل ہے، بابر سرفراز الپا

جہلم: محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے آر پی او کو سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

آر پی او راولپنڈی نے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام مجالس اور جلوس پرامن طریقے سے منعقد ہوں۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ جلوس کے روٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر سکینرز کا استعمال لازمی بنایا جا رہا ہے جبکہ شرکاء کو میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ روٹ کے اطراف موجود بلند عمارتوں پر تربیت یافتہ نشانہ باز تعینات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریزرو فورس کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ جلوس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ ہر لمحہ کی نگرانی ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ جہلم پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت چوکس اور سرگرم عمل ہے۔

ضلعی پولیس انتظامیہ نے اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز، منتظمین اور عزاداران سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور تعاون سے ہی امن کا قیام ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button