14 اگست تجدید عہدِ محبت کا دن ہے، تمام مدارس و دفاتر پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل جہلم کے زیراہتمام ایک خصوصی اجلاس حکیم قاری شبیر احمد عثمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کو تمام مدارس، تعلیمی اداروں اور دفاتر پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے تاکہ وطن سے محبت کے جذبے کو اجاگر کیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ 14 اگست وطن عزیز سے محبت اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ اس مملکتِ خداداد کی آبیاری علماء کرام اور مسلمانوں نے اپنے خون سے کی ہے اور ہر سال ماہِ اگست اس عزم و جذبے کو تازگی اور جِلا بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے استحکام، یکجہتی اور ملی جذبے کی اشد ضرورت ہے۔

علماء کرام نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے اسلامی تشخص کی حفاظت اور اسے برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آج وطن عزیز کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن کا مقابلہ صرف سیاسی، مسلکی، گروہی اور لسانی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک قوم بن کر ہی کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں قومی پرچم لہرانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے حب الوطنی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا۔

اجلاس میں مرکزی علماء کونسل جہلم کے عہدیداران اور مختلف تحصیلوں کے صدور نے شرکت کی۔ اس دوران تنظیم کو تمام تحصیلوں میں مزید فعال بنانے، ضلعی سیکرٹریٹ اور تحصیل دفاتر قائم کرنے پر غور کیا گیا اور متعدد فیصلے بھی کیے گئے۔

اجلاس میں شریک علما و عہدیداران میں حکیم قاری شبیراحمد عثمانی، مولانا انس الرحمن، قاری محمد اشرف، قاری محمد ابراہیم منیر، مولانا مرتضیٰ تنویر، حافظ محمد احسان، مولانا ذیشان اسحاق، مولانا عبدالسلام، مولانا عمران، ملک محمد مبارک، مولانا محمد مدثر، مولانا زبیرالحسن، مولانا ابوالحسن، قاری ابصار ایوب، قاری عاصم عرفان، شاکر علی، قاری محمد صدیق اور ملک فرحان شامل تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button