للِِہ جہلم روڈ کی تاخیر ہم نے بہت برداشت کر لی اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے، چوہدری منشاء طور

پنڈدادنخان: چوہدری منشا طور نے کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبے پر غور نہ کیا تواس کے بعد ہمارا پڑاؤ موٹر وے پر ہوگا اور موٹر وے کو اس وقت تک نہیں کھولا جائے گا جب تک ڈیول کیرج کے اوپر کام شروع نہیں ہو جاتا۔

ورکنگ کمیٹی للِہ جہلم روڈ کے سینئر رکن چوہدری منشاء طور نےاحتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے غیور شہری جس قرب سے گزشتہ تین سالوں سے سے گزر رہے ہیں اس سے یہاں کے عوام واقف ہیں جو اپنے حق کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سڑک کی تعمیر میں تاخیری حربے کر کے عوام کو پریشان کیا ہوا ہے، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیاہے۔ اب بھی حکومت وقت نے اس اہم مسئلہ پر توجہ نہ دی تو دما دم مست قلندر موٹروے پر ہی ہوگا۔

چوہدری منشاء طور نے کہا کہ میں تحصیل پنڈ دادنخان بالخصوص شہر پنڈدادنخان کے عوام سے درخواست کرتا ہوں جو سیاسی پہلے والے احتجاج میں بھاگ بھاگ کر تقرریں کرنے کی درخواستیں دے رہے تھے آج وہ کہاں ہیں؟ عوام ان کا عملی اورسوشل بائیکاٹ کرے۔ انہیں اپنی خوشی غمی میں نہ بلائے یہ بہترین انتقام ہے، اس طرح انہیں تحصیل کے عوام کے ساتھ کیاہوا مذاق سمجھ میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سیاست چمکانے والے اقتدار سےوابستہ لوگوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے ہمیں استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں ہم ان کے کسی جھانسے میں نہیں آنے والے۔ انشاءاللہ مولانا پیر محمد قریشی کی سرپرستی میں چلنے والی اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے اس سڑک پر کام ضرور شروع ہوگا۔

چوہدری منشاء طور نے مزید کہا کہ تمام تاجروں، وکلا حضرات، تحصیل بھر کے غیور صحافی برادری، سیاسی و سماجی و سوشل ورکر اور بالخصوص تحصیل بھر کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ شدید گرمی کے دنوں میں بھی ورکنگ کمیٹی کے شانہ بشانہ اپنا حق مانگنے کے لیے سڑکوں پر آئے ہوئے ہیں۔ اگر اب بھی حکومت نے بے حسی کا مظاہرہ کیا اور عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا تو کسی بھی سیاسی پارٹی کو سیاست چمکانے نہیں دیں گے بنیادی سہولیات عوام کا حق ہے، للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک کی ازسرنو تعمیر کے لیے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button