دینہ میں لاپتہ ہونے والے تین کم عمر لڑکوں کی لاشیں ساگری کے تالاب سے برآمد

دینہ/ جہلم: دینہ میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے تین کم عمر لڑکوں کی لاشیں ساگری کے تالاب سے برآمد کر لی گئیں، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایک دن قبل لاپتہ ہونے والے 11 سالہ محمد عبداللہ ولد سجاد حسین سکنہ چھنی گجراں، 13 سالہ شاہ زیب احمد ولد اشتیاق احمد سکنہ مدوکالس اور 14 سالہ آفاق احمد ولد اشفاق احمد سکنہ کھاریاں گجرات کی لاشیں نواحی علاقہ ساگری کے تالاب سے برآمد کر لی گئیں۔
شہری نے ایک لاش کو پانی میں تیرتے دیکھا تو ریسکیو کو کال کر کے اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔

جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تو تینوں لڑکوں کی لاشیں تالاب سے مل گئیں۔ تینوں ڈیڈباڈیز کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لڑکوں کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ تھانہ دینہ میں درج ہے۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



