پنجاب میں پیرا کا دائرہ کار وسیع، تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو سربراہ مقرر

جہلم: حکومت پنجاب نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) کے تحت جہلم سمیت صوبہ بھر میں انتظامی ڈھانچے کو فعال بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی تمام تحصیلوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو پیرا کا تحصیل سطح پر سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ ہر ضلع میں پیرا کے انچارج کی ذمہ داری متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) کو سونپی گئی ہے۔ یہ افسران اپنے اضلاع اور تحصیلوں میں پیرا سے متعلق تمام امور کی نگرانی اور مؤثر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد پیرا کے تحت نافذ کردہ قوانین، ضوابط اور حکومتی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ پنجاب میں نظم و ضبط، شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں پیرا سے متعلق فرائض کی انجام دہی کا آغاز فوراً کریں۔



