دینہ میں کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم، ایک پولیس اہلکار جاں بحق، دوسرا زخمی

دینہ میں ڈیوٹی سے واپس آتے پولیس اہلکار ٹریفک حادثے کا شکار، ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جا رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں 23 سالہ پولیس اہلکار دانیال ولد مرزا نثار احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا اہلکار جواد شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی اور لاش دونوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق کار ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں پولیس اہلکار اسپیشل ڈیوٹی پر روات میں تعینات تھے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس افسران کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔



