جہلم میں پولیس اور حساس اداروں کا مشترکہ سرچ آپریشن، 12 افغان باشندے گرفتار

جہلم: ضلع بھر میں حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 12 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر حالیہ ملکی حالات کے تناظر میں جہلم پولیس نے دیگر حساس اداروں کے ہمراہ ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں تھانہ سٹی، سول لائنز، چوٹالہ، ڈومیلی، سوہاوہ، منگلا کینٹ، دینہ، صدر، جلالپور شریف، پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ کی حدود میں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ سرچ آپریشن 168 گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 398 مشکوک افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 12 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا مقصد شہریوں کو احساسِ تحفظ فراہم کرنا اور شرپسند عناصر کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ جہلم پولیس اور تمام سیکورٹی ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔



