گزشتہ ہفتے 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 18 کی قیمتوں میں کمی

ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان برقرار رہا، حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہو کر 24 اعشاریہ 37 فیصد کی شرح پر آگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ اٹھارہ اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آ لوکی قیمت میں 6 اعشاریہ 06 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0 اعشاریہ 85 فیصد، نمک کی قیمت میں 0 اعشاریہ 91 فیصد، خشک دودھ کی قیمت میں 0 اعشاریہ 70فیصد، مٹن کی قیمت میں 0 اعشاریہ 65 فیصد، بیف کی قیمت میں 0 اعشاریہ 45 فیصد، انڈے کی قیمت میں 0 اعشاریہ 53 فیصد، دہی کی قیمت میں 0 اعشاریہ 46 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0 اعشاریہ 51فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح ٹماٹر کی قیمت میں 22 اعشاریہ 05 فیصد، پیاز کی قیمت میں 7 اعشاریہ 71 فیصد، چکن کی قیمت میں8 اعشاریہ 03فیصد، ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 2 اعشاریہ 89 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں 1 اعشاریہ 84فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں2 اعشاریہ 36 فیصد، آٹا کی قیمت میں6 اعشاریہ 88 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 1 اعشاریہ 25فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 90 فیصد اور سرخ مرچ پاوڈر کی قیمتوں میں 2 اعشاریہ 59 فیصد کمی ہوئی۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں17 اعشاریہ 55فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں21 اعشاریہ 19فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں28 اعشاریہ 07فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 25 اعشاریہ 53 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 22 اعشاریہ 09 فیصد رہی ہے۔



