جہلم میں مون سون سے قبل نالہ صفائی مہم جاری، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ متحرک

جہلم: مون سون سیزن کی آمد سے قبل راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، جہلم نے نالہ صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
جہلم شہر کے بڑے نالوں، گنجان آباد علاقوں اور بازاروں میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہیوی مشینری اور صفائی عملہ دن رات متحرک ہے، تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق شہر بھر میں صفائی آپریشن ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔ نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی انگیجمنٹ کے تحت شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ صفائی کے عمل کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔
اس موقع پر سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جہلم رانا ساجد صفدر نے کہا کہ جہلم کے عوام صفائی کی اس قومی مہم میں ہمارے بہترین پارٹنر ہیں، ان کی شمولیت مسائل کے دیرپا حل کی ضمانت ہے۔
منیجر آپریشنز جہلم نے بھی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیمیں ہر یونین کونسل میں موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر نالوں کی صفائی، کچرا اٹھانے اور نکاسی آب کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی مہم کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ نالوں میں پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، تاکہ مون سون کے دوران شہر کو صاف، محفوظ اور مسائل سے پاک رکھا جا سکے۔



