جہلم میں گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کی بحالی و تزئین و آرائش کا آغاز

جہلم: متروک وقف املاک بورڈ اور والڈ سٹی اتھارٹی کے اشتراک سے سکھ مذہب کے قدیمی گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبہ کا آغاز کر دیا گیا۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمٰن نے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رامیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ سنگ بنیاد رکھا۔
ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، ایم این اے چوہدری فرخ الطاف، سیکرٹری بورڈ فرید اقبال،ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی کامران لاشاری، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھو کھر، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، ایکس ای این بلال احمد و دیگر افسران اور سکھ رہنما ان کے ہمراہ موجود تھے۔

چیئرمین بورڈ سید عطاء الرحمٰن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم میں واقع 2کنال رقبہ پر محیط گور و دوارہ کی تزئین وآرائش کے لیے ٹرسٹ بورڈنے 109ملین مختص کیے ہیں جبکہ گو ردوارہ کی اصل شکل میں بحالی کے لیے والڈ سٹی اتھارٹی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ گوردوارہ کی بحالی دنیا بھر کی سکھ براداری کے لیے امن اور محبت کا پیغام ہے۔
سردار رامیش سنگھ اروڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والے تمام سکھ و ہند وبرادری کو مکمل سہولیات و مراعات دی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایسے مقامات کو اصل حالت میں محفوظ کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کام مکمل ہونے پر سکھ یاتریوں اور دیگر سیاحوں کے لئے گردوارہ بھائی کرم سنگھ کو کھولا جائے گا۔
سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کا کہنا ہے کہ چیئرمین کی ہدایات کے مطابق گورو دارہ کی بحالی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے بورڈ سے فنڈز کی منظور ی و دیگر تما م تر انتظامات کو بروقت مکمل کیا گیا ہے۔ والڈ سٹی کو فنڈز کی ادائیگی چار اقساط میں کی جائے گی جس کی پہلی قسط دسمبر 2023میں آدا کرد ی گئی ہے۔
گوردوارہ کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محمد اسحاق، انسپکٹر ماجد، غلام قمبر، دیگر افسران و سکھ مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی او ر انہوں نے اس تاریخی گورو دوارہ کی بحالی پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور چیئرمین ٹرسٹ بورڈ،سید عطاء الرحمٰن کا خصوصی الفاظ میں شکریہ ادا کیا۔



