دینہ میں مہنگائی کا طوفان دوبارہ سر اٹھانے لگا، اشیاء خوردونوش کے نرخ بڑھنے لگے

دینہ: تحصیل دینہ میں مہنگائی کا طوفان دوبارہ سر اٹھانے لگا، ضرورت اشیاء کے نرخ بڑھنے لگے۔ دال ، چاول ، سبزیاں ، گیس سلنڈر ، فروٹ اور دیگر اشیاء عوام کی قوت خرید سے باہر ہونے لگی، حکومتی دعوے جواب دینے لگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وزیر اعلی پنجاب بننے کے بعد مہنگائی پر کافی کنٹرول پایا گیا جس کی وجہ سے غریب شہری دو وقت کی روٹی آسانی سے کمانے لگا تھا مگر عید الاضحیٰ کے گزرنے کے بعد مافیا نے دوبارہ پنجے گاڑنے شروع کر دیے۔
اس کے باعث مہنگائی نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کر دیا جس سے دالیں ، چاول، سبزیاں ، گیس سلنڈر ، فروٹ اور دیگر روزمرہ کی اشیاء کے ریٹ بڑھنے لگے جس سے انتظامیہ مکمل طور پر غائب اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والی مافیا کو دوبارہ ہاتھ ڈالا جائے تاکہ غریب شہری آسانی کے ساتھ دو وقت کی روٹی کما اور بچوں کو کھلا سکے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔



