ضلع جہلم میں ڈاکوؤں کا راج؛ ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتیں بڑھ گئیں

جہلم: ضلع بھر میں ڈاکوؤں کا راج؛ ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتیں بڑھ گئیں ، جرائم کی شرح میں اضافہ، ڈی پی او کی ماتحت عملے پر گرفت کمزور، تھانوں اور چوکیوں میں سیاستدانوں کے منظور نظر انچارج تعینات، عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔
بی بی سی جہلم کی رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ عناصر نے ماہ رمضان میں جہلم جیسے پرامن ضلع کو سونے کی چڑیا بنالیا ہے، گھر سے خریداری کے لیےبازار جانے والی خواتین کا تعاقب کرکے نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پر نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر لے جاتے ہیں۔
بینک سے نقدی لے کر جانے والے شہریوں سے نقدی چھین لی جاتی ہے، مزاحمت پر گولیاں مار کرزخمی کر دیا جاتا ہے۔ سوہاوہ، پنڈدادنخان اور دینہ میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں رونما ہوچکی ہیں، لوگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں رونما ہوچکی لیکن ملزمان گرفتار نہیں ہو پا رہے، پولیس اہلکار خود ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، سیاستدانوں کے دربار پر حاضری دینے والوں کوتھانوں اور چوکیوں کا انچارج تعینات کیاگیا ہے، ڈی پی او کی ماتحت عملے پر گرفت انتہائی کمزور ہے۔
شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



