جہلم میں دوبارہ قبضہ مافیا سرگرم، بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار، شہری پریشان

جہلم شہر میں ایک بار پھر قبضہ مافیا نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث بازاروں میں تجاوزات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سماجی و فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کی ابتدائی کارروائیوں سے اندرون شہر کے بازاروں سے ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ والوں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا مگر اب انتظامیہ کی لاپرواہی، سستی اور لاڈ پیار کے باعث دوبارہ تجاوزات قائم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں ریڑھیاں لگا کر راستے مسدود کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے خریداری کے لیے آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر عید کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں رش بڑھنے کے ساتھ ہی یہ مسائل مزید گھمبیر ہو گئے ہیں۔
شاندار چوک سمیت مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں پر دکانداروں نے قبضے جما لیے ہیں، جس کے باعث راہگیروں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ تجاوزات کی بھرمار کے نتیجے میں بازاروں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
شہریوں اور سماجی تنظیموں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور شہر میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔



