پاک بھارت کشیدگی؛ پنجاب میں ڈپٹی کمشنرز کو 2 ارب روپے کا ایمرجنسی فنڈ جاری

جہلم: حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مؤثر بنانے اور ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے 2 ارب روپے کا انٹرنل سکیورٹی فنڈ جاری کر دیا ہے۔

یہ فنڈز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جاری کیے گئے ہیں، جن کا مقصد پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں حفاظتی اور فلاحی اقدامات کو فوری طور پر یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق جہلم سمیت پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اس فنڈ کا حصہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ راشن، ادویات، فیول اور دیگر ضروری سازوسامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو فوری طور پر ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ فنانس پنجاب نے یہ فنڈز آن لائن ٹرانسفر کر دیے ہیں تاکہ بروقت استعمال میں لا کر مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ فنڈز کے استعمال کے لیے متعلقہ اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اخراجات کی مکمل شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ ملکی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں یہ فنڈز نہ صرف حفاظتی اقدامات کے لیے ہیں بلکہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی جیسے قدرتی آفات، امن و امان کی خراب صورتحال یا دیگر غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی سطح پر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کیے جائیں اور عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button